تحریک انصاف نے اس حلقے میں ن لیگ کو 7117 ووٹوں سے شکست دی۔

حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب

سیالکوٹ۔  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کو شکست دے دی۔ 2018 کے عام انتخابات میں اس نشست پر تحریک انصاف کو 17 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی پی 38 کے تمام 165 پولنگ اسٹیشنزکے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہوچکے ہیں جن کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 60 ہزار 588 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ ن کے طارق سبحانی 53 ہزار471 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ تحریک انصاف نے اس حلقے میں ن لیگ کو 7117 ووٹوں سے شکست دی ہے۔

خیال رہے کہ پی پی 38 کی نشست مسلم لیگ ن کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں 57 ہزار 617 ووٹ حاصل کرکے یہاں سے فتح حاصل کی تھی۔ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار سعید احمد بھلی 40 ہزار 531 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔