اسلام آباد۔ وفاقی وزیر و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ جو اساتذہ ویکسی نیٹڈ نہیں وہ یکم اگست سے اسکولوں میں نہیں پڑھا سکیں گے،31 اگست کے بعد ویکسی نیٹڈ عملے کے بغیر ٹرانسپورٹ نہیں چل سکے گی۔
وفاقی وزیر و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے، سندھ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، ملک بند کر کے وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتے، کورونا سے بچنے کا واحد حل صرف احتیاط ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ یکم اگست سے صرف ویکسی نیٹڈ لوگ ہوائی جہاز پر سفر کرسکیں گے، جو اساتذہ ویکسی نیٹڈ نہیں وہ یکم اگست سے سکولوں میں نہیں پڑھا سکیں گے، 31 اگست کے بعد ویکسی نیٹڈ عملے کے بغیر ٹرانسپورٹ نہیں چل سکے گی، سکول، ٹرانسپورٹ عملے کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
قبل ازیں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کی شرح میں اضافہ ہوا، 24 گھنٹے میں تشویشناک مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی، کراچی میں وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ نظر آ رہا ہے، کیسز میں اضافے سے ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔