اسلام آباد۔تحریک انصاف کے رہنما نذیر چوہان کی گرفتاری پر جہانگیرترین خود میدان میں آ گئے اور بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نذیر چوہان کو حکومت خود باغی کر رہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین کا کہناتھا کہ میر اکوئی گروپ نہیں ہے میرے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیا ، نذیر چوہان کی گرفتاری سے تشویش بڑھ رہی ہے ، پارٹی کے ساتھ مخلص ہو کر چلا لیکن مجھے ٹارگٹ کیا گیا ۔
دوسری جانب ترین گروپ کا خیال ہے نذیر چوہان کی گرفتاری کے بعد حکومت ہمارے مزید ساتھیوں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔ اس سلسلے میں قومی اور صوبائی اسمبلی میں بھی شدید سخت رویہ اختیار کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین گزشتہ چند روز سے کراچی میں ہیں جس دوران نذیر چوہان کی گرفتاری ہوئی کراچی سے جہانگیر ترین کی واپسی کے بعد ترین گروپ کے اجلاس میں مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ریس کورس پولیس نے نذیر چوہان کو شہزاد اکبر کی شکایت کے بعد حراست میں لیا تھا ، بعدازاں انہیں عدالت پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت منظور ہو گئی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا گیا ۔ گزشتہ روز شہزاد اکبر کی ہی شکایت پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے نذیر چوہان کو ایک مرتبہ پھر سے حراست میں لے لیا۔