سندھ حکومت نے کراچی میں نئی پابندیوں کے ساتھ کل سے صوبے بھر میں 8 اگست تک سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ خصوصا کراچی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہرمیں اضافے کوروکنے کے لیے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کورونا صورتحال کے پیش ںظرسندھ بھر میں کل سے 8 اگست تک مکمل لاک ڈائون ہوگا، تمام مارکیٹیں بند رہیں گی، فیصلہ کوروناٹاسک فورس کی سفارش پرکیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایکسپورٹ صنعتوں کو پیداواری عمل جاری رکھنے کی اجازت ہوگی جب کہ میڈیکل اسٹورز، گروسری، پھل، سبزی بیکریز دودھ کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کاروباری ، سماجی اور عوامی سرگرمیوں پر پابندیا ں ہوں گی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بندش کیلیے این سی اوسی کو سفارش کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاک ڈاﺅن کے دوران بڑے پیمانے پر ویکسین لگائی جائے گی، روڈ پر آنے والے شہرویوں کا ویکسین کارڈ چیک کیا جائے گا جبکہ 31اگست تک ویکسین نہ کرانے والے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا کی تشخیصی شرح 13.7 فیصد ہوگئی ہے ، سندھ بھر میں کورونا سے کل 45مریض انتقال کر گئے جبکہ 1410مریض اسپتالوں میں اور 102وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1192مریض کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، کراچی میں کورونا کی تشخیصی شرح 23 فیصد، حیدرآباد میں شرح 14.52 فیصد، سکھر میں 2.9 فیصد ہے۔
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ضلع شرقی میں 33 فیصد کورو تشخیصی شرح ہے، کورنگی 21 فیصد، وسطی 20 فیصد، غربی میں شرح19 فیصد ہے، گزشتہ 29 دنوں میں 469 مریضوں کی اموات ہوئی، انتقال کرنے والے مریضوں میں 323 وینٹی لیٹرز پر تھے جبکہ 96مریض جو انتقال کرگئے وہ وینٹی لیٹرزپر نہیں تھے اور 11فیصد مریضوں کا گھروں میں انتقال ہوا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوب میں اب تک 55705 کیسز ہوچکے ہیں اور 51 ہزار 053 مریض صحتیاب جبکہ 753 انتقال کرگئے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا نے 86 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔