محمد حفیط نے چار اوورز میں چھ رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ فائل فوٹو
محمد حفیط نے چار اوورز میں چھ رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ فائل فوٹو

پاکستان نےدوسرے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی 20 میچ میں سات رنز سے شکست دیدی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 158 رنزکے تعاقب میں 150 رنز بناسکی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بیٹںگ کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور اوپننگ بلے باز فلیچر پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئےجس کے بعد کرس گیل اور لیوس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے aسکور کو آگے بڑھایا،تاہم کرس گیل 20 گیندوں پر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔

کرس گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کے بلے باز کھل کر رنز نہ بناسکے، پاکستانی سپن باؤلرز نے شاندا کارکردکی کا مظاہرہ کیا، محمد حفیط نے چار اوورز میں چھ رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس دوران ہیٹمائر رن رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کے دوران 18 گیندوں پر 17 رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔14 ویں اوور میں لیوس انجرڈ ہوکر باہر چلے گئےجس کے بعد پوران نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی باؤلرز کے خلاف وکٹ کے چاروں جانب زور دار شاٹس کھیلے۔آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 20 رنز درکار تھےتاہم کپتان کیرن پولارڈ آخری اوور کی دوسری گیند پر13ر نز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکلس پوران 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  سات وکٹوں کے نقصان پر157 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز بنائے جب کہ محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تو شرجیل خان اور محمد رضوان نے پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ اوپنر جوڑی نے 46 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم شرجیل خان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے کیلئے بابر اعظم آئے اور دونوں نے مجموعے کو 113 تک پہنچادیا لیکن وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان رن آؤٹ ہوگئے۔

16 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تو بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن سنبھل ہی نہ پائی ۔ پاکستانی کھلاڑی بارش کی بوندوں کی طرح ایک کے بعد ایک کرکے گرتے چلے گئے۔ بارش کے  کچھ دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پہلی ہی گیند پر بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔

بارش کے بعد پاکستان کی جانب سے فخر زمان 15 اور محمد حفیظ صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔ تمام بلے بازوں کے پویلین لوٹ جانے پر 19 ویں اوور میں حسن علی کو اس امید پر بیٹنگ کیلیے بھیجا گیا کہ وہ بڑے شارٹس لگائیں گے لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے صہیب مقصود بھی صرف پانچ رنز بنا کر اگلی ہی گیند پر چلتے بنے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار اور ڈوین براوو نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔پاکستان  اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز چار میچوں پر مشتمل ہے۔