وزیراعظم عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبرنے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کی معافی قبول کرتے ہوئے انہیں معاف کر دیاہے اوراسٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق بیان حلفی میں کہا گیاہے کہ نذیر چوہان کی ضمانت پرکوئی اعتراض نہیں کیونکہ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ۔
یاد رہے کہ شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کے خلاف تھانہ ریس کورس مقدمہ درج کروایا تھا جس پر پولیس نے انہیں حراست میں لیا ،عدالت میں پیش کیا گیا تو فاضل جج نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم بعدازاں شہزاد اکبر نے ایف آئی اے میں بھی درخواست دی جس پرانہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا ۔
گرفتاری کے بعد نذیر چوہان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں لاہور کارڈیالوجی ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں سے ان کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا جس میں انہوں نے شہزاداکبر سے معافی مانگی ۔
ویڈیو پیغام میںان کا کہناتھا کہ میں نے شہزاد اکبر کے حوالے سے جو بیان دیا تھا اس پر شہزاد اکبر کی وضاحت آگئی ہے جس کو میں تسلیم کرتا ہوں اور میں ان سے معذرت کرتا ہوں کہ اگر ان کو میرے بیان کی وجہ سے تکلیف ہوئی ہو، اللہ تعالی ان کے بچوں کو سلامت رکھے۔