مظفر آباد۔آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے رہنما نے میدان مار لیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستا ن تحریک انصاف کے رہنما انوارالحق 32 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے متفقہ امیدوار فیصل ممتاز راٹھور15 ووٹ ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ۔ ووٹنگ میں کل 49 اراکین نے حصہ لیا جن میں سے 2 ووٹ مسترد ہوئے۔
بعدازاں ڈپٹی اسپیکرکے لیے ووٹنگ ہوئی تو تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری ریاض 32 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔ اپوزیشن کی امیدوار نثاراں عباسی کو15 ووٹ ملے۔
دوسری جانب وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے چناؤ کیلیے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان سیاسی اتحاد طے پاگیا۔ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے امیدوار کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہوگا اور قائد حزب اختلاف بھی پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔