ٹوکیو اولمپکس میں رنگا رنگ مقابلے جاری ہیں ، جہاں بھارتی ہاکی ٹیم نے 41 سال بعد تمغہ جیت لیا ۔
بھارت نے جرمنی کو 4-5 سے شکست دیکر تمغہ جیتا ، یہ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے 1980 کے بعد اولمپکس میں ہاکی ٹیم کی جانب سے جیتا جانے والا پہلا تمغہ ہے جو کانسی کا ہے، اور یہ بھارتی ہاکی ٹیم کا 12واں تمغہ ہے ۔
جرمنی کے کھلاڑی اوروز نے میچ کے دوسرے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی مگر سمر نجیت سنگھ نے سترہویں منٹ میں گول کر کے اسکور1-1 سے برابر کر دیا ، جرمنی کی جانب سے نکولس ویلن نے 24ویں منٹ اور پھر بینیڈیٹ فرک نے 25ویں منٹ میں گول کرکے برتری 1-3 کر دی ۔
میچ کے 27 ویں منٹ میں ہردک سنگھ نے ، 29 ویں منٹ میں ہرمن پریت نے گول کرکے میچ پھر برابر کر دیا ۔ میچ کے 31 ویں منٹ میں روپندرپال سنگھ نے پنالٹی سٹروک پر گول کر کے بھارتی ٹیم کو میچ میں پہلی بار 3-4 سے برتری دلائی ، سمرنجیت نے 34ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 3-5 کر دیا۔
میچ کے آخری کوارٹر میں بھارت اور جرمنی دونوں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے ، 48 ویں منٹ میں لاکا ونفیڈر نے ایک گول کرکے بھارت کی سبقت کو کم کرکے اسکور 4-5 کیا مگر اس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور بھارت ہاکی اولمپکس میں تیسرے پوزیشن پ آکر کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔