رحیم یار خان کےنواحی علاقے بھونگ میں مشتعل افراد نے ہندو مندر پر حملہ کردیا۔ واقعے کی ویڈیو فیس بک پر لائیو نشر کی جاتی رہی۔ وزیر اعظم آفس نے واقعے کا نوٹس لے کر سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
بھونگ میں مشتعل افراد نے ہندوؤں کے بھگوان گنیش کے مندر پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے مندر کے اندر موجود سامان اور مورتیاں توڑ دیں۔ ملزمان اس حملے کی ویڈیو فیس بک پر لائیو نشر بھی کرتے رہے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
واقعے پر ہندو کمیونٹی کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ہندو سماجی رہنما کپل دیو نے قائد اعظم کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا ہم اپنے مندروں میں جانے کیلئے آزاد ہیں؟
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آفس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو اپنی مذہبی عبادات آزادی کے ساتھ کرنے کا حق دیتا ہے۔