لاہور۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ سیریز میں شامل تینوں ون ڈے میچز راولپنڈی اور پانچوں ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تین میچز 17، 19 اور21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے پہلے تین میچز 25، 26 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ آخری دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ یے۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچزآئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے۔5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناہے کہ کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔
پاکستان کے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کادورہ کرنے والی نیوزی لینڈ پہلی ٹیم ہوگی۔ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔