اسکول بند کرنے کا فیصلہ کورونا وائرس کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ۔فائل فوٹو
اسکول بند کرنے کا فیصلہ کورونا وائرس کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ۔فائل فوٹو

سندھ بھر میں تعلیمی ادارے عاشورہ محرم تک بند رکھنے کا اعلان

کراچی۔صوبائی حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارےعاشورہ محرم تک بند رکھنے کااعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق صوبے میں بورڈز کے امتحانات کروانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس وزیر تعلیم سردار علی شاہ اور وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کی سربراہی میں ہوا، جس میں محکمہ کالج ایجوکیشن کے سیکریٹری، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکولز ،کالجزاور جامعات10محرم الحرام تک بند رہیں گی، اب اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ تعلیمی ادارے19اگست تک بند رہیں گے اور20اگست سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔

صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کیے گئے تھے، بورڈ کے رہ جانے والے امتحانات 6 محرم تک لیے جائیں گے جبکہ9,8اور10محرم کو امتحانات میں وقفہ دیا جائے گا۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ 10 اگست سےبورڈکےامتحانات شروع ہوجائیں گے، امتحانات میں ایس اوپیز کویقینی بنانےکی تلقین کی ہے، پیپرآؤٹ ہونےکےمعاملےپربھی بات چیت ہوئی،نقل کی روک تھام کیلئےکوشش کررہےہیں۔

سید سردار شاہ نے بتایا کہ اساتذہ اور اسٹاف کی ویکسین پر بھی نظر رکھی جائے گی، کوشش کریں گے کہ وفاق اور صوبے کے فیصلوں میں تضادات دور کریں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم آج تک ریڈیو کے معجزات پڑھا رہے ہیں، ہمیں اپنے نصاب پر نظر ثانی کرنا ہو گی، اسکول کا نظام بہتر کریں تو والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکول ہی لائیں گے۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ 8 محرم الحرام کو صورتحال پر نظرثانی کے لیے دوبارہ اجلاس بلائیں گے۔صوبائی وزیر برائے جامعات اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ بورڈز امتحانات کے لیے نیا شیڈول مرتب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات میں نقل کی اجازت نہیں ہو گی، پرچے آؤٹ ہونے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے، بورڈز بھی سرکیولر جاری کریں گے کہ سختی کی جائے گی۔