قندھار میں 72 گھنٹوں کی جھڑپوں کے دوران 20 بچے جاں بحق اور 130 زخمی ہوئے۔فائل فوٹو
قندھار میں 72 گھنٹوں کی جھڑپوں کے دوران 20 بچے جاں بحق اور 130 زخمی ہوئے۔فائل فوٹو

طالبان نے مزید دو اہم شہروں پر قبضہ کرلیا

کابل۔افغانستان میں طالبان کی حکومتی فورسز کے ساتھ مختلف علاقوں میں لڑائی جاری ہے اوراب طالبان نے مزید دو صوبائی دارالحکومتوں سرپل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ کر دیا لیکن حکومت کی جانب سے اس پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے جنگجوئوں نے قندوز اور سرپل پر مسلسل حملوں کے بعد آج صبح کنٹرول حاصل کرلیا اور دونوں صوبائی دارالحکومتوں کے تمام سرکاری دفاتر ان کے قبضے میں ہیں۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے کے مطابق قندوزکی صوبائی کونسل کے رکن امرالدین ولی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں کے چپے چپے میں شدید لڑائی جاری ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے قندوز کے رہائشی عبدالعزیز نے بتایا تھا کہ طالبان شہر کے مرکزی اسکوائر تک پہنچ چکے ہیں اور اس دوران ان پر فضائی بمباری ہو رہی ہے۔ ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔

گذشتہ روز صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر طالبان کے قبضے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی تھی جبکہ دو روز قبل طالبان نے جنوب مغربی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کیا تھا۔اگر طالبان قندوز پر قابض ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ اب تک ان کے قبضے میں آنے والے اہم ترین صوبائی دارالحکومت میں سے ایک ہو گا۔