ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا وزیرِ اعظم کے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے معائنے سے متعلق کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ٹیسٹنگ میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کمرے میں ہوئی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے وزیرِ اعظم عمران خان کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، یہ بات کریں، عمران صاحب کو یقین ہو چکا کہ عوام نہیں، انہیں ووٹ مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے، پوری دنیا میں فیل ہونے والا نظام آپ کے کمرے میں ٹیسٹ ہونے سے پاس نہیں ہوجائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ انتخابی عملے کو اغواء کرنے والے، ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کر رہے ہیں، کیا الیکٹرانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغواء کی سوچ روک سکتی ہے؟
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں،2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر مسلط ہونے والے عمران صاحب کو الیکٹرانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی، عوام کا آٹا چینی دوائی بجلی گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کےعوام ووٹ نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام وہ نتیجہ کبھی قبول نہیں کریں گے جو ان کے ووٹ سے برآمد نہ ہو، عمران صاحب مشینوں کے ڈرامے سے فرصت ملے تو عوام کی مہنگائی کی خبر بھی لیں، عمران صاحب ووٹ چوری منصوبے سے فرصت ملے تو اغوا ہوتے صحافیوں پرغورکریں۔