اسلام آباد۔ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی رہنماؤں اورکارکنوں کے اعزاز میں عشایے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر جہانگیر ترین نے ایم پی اے زوار حسین وڑائچ اور نذیربلوچ سے مخاطب ہوکر کہا کہ عوام کے مسائل حل کروائیں۔
جہانگیر ترین نے مختلف کارکنوں اور خواتین ونگ کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ رکن صوبائی اسمبلی زوار وڑائچ نے کہا کہ یہ ایم پی اے شپ جہانگیر ترین کی دی ہوئی ہے وہ جس وقت حکم کریں گے اسی وقت استعفیٰ دے دوں گا۔نذیر بلوچ نے کہا کہ پورا ضلع جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑا ہے اوراپنے لیڈرکے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جہانگیر ترین نے اس موقع پر کہا کہ مجھے میرے کارکنوں نے بھرپور حوصلہ دیا میں سب کا شکرگزار ہوں۔ لودھراں کے عوام مجھ سے پیار کرتے ہیں اور میں بھی ان سے بے حد محبت کرتاہوں۔
عوام کو مجھ سے جو امیدیں وابستہ ہیں میں ان پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ عوام گواہ ہیں کہ میں نے نیک نیتی سے پی ٹی آئی کی خدمت کی، جو حالات پیدا کیے گئے اس پر مجھے بہت دکھ ہے۔ حلقے سے دوری کی وجہ میرے اوپر بڑی آزمائش تھی مگر میں نے مقابلہ کیا اور اﷲ نے مجھے سرخرو کیا۔