لاہور:وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلیے سابق معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو کئی جتن کرنے پڑگئے۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچے تھے جہاں انہوں نے کئی ملاقاتیں کیں اور تقریب میں بھی شرکت کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کیلئے کئی جتن کیے اور وہ وزیراعظم سے ملاقات کیلئے گھنٹوں گورنرہاؤس کی انتظارگاہ میں منتظر رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم گورنرہاؤس کے کمرے سے نکلے تو فردوس عاشق نے ملاقات کی کوشش کی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے فردوس عاشق اعوان کو ملاقات سے روک دیا۔ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹرکی طرف جاتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کی اورانہوں نے چلتےچلتے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا مؤقف سُنا۔
ذرائع کے مطابق فردوس عاشق نے شکوہ کیا کہ میرےساتھ پنجاب میں یہ کیا ہوا؟ اس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ آپ کوبہترپتا ہوگا، میں نے توپہلے ہی آپ کوبڑی مشکل سے بھجوایا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے قبل وہ وزیراعظم عمران خان کی بھی معاون خصوصی برائے اطلاعات رہ چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے استعفیٰ اس بنیاد پر لیا تھا کہ انہیں وفاق میں اہم ذمےداریاں سونپیں جائیں گی،ذرئع کے مطابق یہ صرف لولی پاپ تھا انہیں وفاق میں کوئی ذمےداری نہیں دی جا رہیں۔