محرم الحرام کے دوسرے روز کربلا کے میئر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے ، واقعہ اس وقت پیش آیا جب میئر عبیر سلیم الخفاجی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے ۔
العربیہ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے الزھرا کالونی میں میئر کربلا سلیم الخفاجی پر فائرنگ کی ، عینی شاہدین کے مطابق انہیں تین گولیاں لگیں ، انہیں شدید تشویشناک حالت میں الحسین ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے ۔
عراقی میڈیا کے مطابق الخفاجی المعلجی کے مقام پر تجاوزات ہٹانے کیلیے آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے کہ ان کے سینے میں تین گولیاں داغ کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیاگیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2019 کے بعد عراق میں ٹارگٹ کلنگ کے 70 واقعات پیش آچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں سماجی کارکنوں کو موت کے گھاٹ اتار گیا جبکہ دسیوں کو اغوا کیا گیا۔