چمن۔پاک افغان سرحدی حکام کے درمیان باب دوستی کھولنے سے متعلق اجلاس بےنتیجہ ختم ہو گیا۔
لیویز حکام کے مطابق باب دوستی آج کھولنے کا فیصلہ سیکیورٹی مسائل کے باعث موخرکردیا گیا ہے۔بارڈر پر موجود تمام مال بردار گاڑیوں، ٹرکوں اور کنٹینرز کو واپس ٹرمینلز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کسٹم عملے کو موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لیویزحکام کے مطابق باب دوستی کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ آج شام تک کیا جائے گا۔سیکیورٹی اہلکاروں نے باب دوستی سے لاوڈاسپیکرز پراعلانات کرتے ہوئے بارڈر کے دونوں جانب موجود شہریوں کو واپس جانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اجلاس میں مہاجرکارڈ کی شرط پر ڈیڈ لاک پیدا ہوا۔ پاکستانی حکام کا موقف تھا کہ افغان شہریوں کو مہاجر کارڈ پر آنےجانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔اس سے قبل پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد چمن بارڈر کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ گزرہ گاہ پیدل آمدورفت کےلیے روزانہ 8 گھنٹے کھلی رہےگی۔ پیدل آمدورفت کیلیے پاکستانی شہریوں کےپاس شناختی کارڈ اور افغانیوں کے پاس تذکیرہ(سفری اجازت نامہ) ہونا لازمی ہوگا۔