پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت کورکمانڈرز اجلاس میں کہی جس میں افغانستان اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان امن عمل کے لیے ہر ممکن کوششیں کیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن خطے میں استحکام کا باعث ہو گا، معاملات کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں آئندہ بھی کرتے رہیں گے، ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تمام فریق مثبت کردار ادا کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ملکی اور خطے کی سلامتی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے جب کہ فورم کو پاک افغان سرحد پر بدلتی ہوئی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں افغانستان میں ہونے والے تازہ پیشرفت اور اس کے پاکستان پراثرات پر تفصیلی غورکیا گیا، آرمی چیف نے بارڈر کنٹرول سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔