امریکہ نے کہا ہے کہ کابل اب زیادہ دیرتک طالبان سے بچا نہیں رہ سکتا، ایک سے تین ماہ کے دوران افغان دارالحکومت طالبان کے کنٹرول میں جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے امریکی انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ طالبان 30 دنوں میں افغانستان کے دارالحکومت کابل کا رابطہ ملک کے باقی حصوں سے منقطع کر سکتے ہیں اور90 روز کے اندراس پر قبضہ بھی کرسکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اب تک طالبان نے افغانستان کے نو صوبائی دارالحکومتوں پر باقاعدہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ایک امریکی دفاعی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کابل کتنی دیر تک طالبان کے قبضے سے بچا رہ سکتا ہے؟ یہ نیا اندازہ امریکہ کے زیر قیادت غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کی جانب سے تیزی سے صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے بتایا کہ یہ حتمی نتیجہ نہیں ہے۔ افغانستان کی سیکیورٹی فورسز زیادہ مزاحمت دکھا کر طالبان کو پیچھے دھکیل سکتی ہے۔