ہمیں مہنگی بجلی سے نجات حاصل کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا۔فائل فوٹو
ہمیں مہنگی بجلی سے نجات حاصل کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا۔فائل فوٹو

وزیر اعظم کا 10 نئے ڈیمز بنانے کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 10 سال میں 10نئے ڈیمز بنانے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف پانی منصوبے پر کام کر رہے ہیں جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حدت کی وجہ سے موسمی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور ہمیں سیلاب ،پانی کی قلت اور آگ کے واقعات روکنے ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تربیلا ڈیم توسیع کے منصوبے سے بہترین نتائج ملیں گے، بھاشا ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ 1984 میں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کا استعمال کریں یا نہ کریں ہمیں ادائیگی کرنی ہوتی ہے اس لیے ہمیں مہنگی بجلی سے نجات حاصل کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم الیکشن ٹو الیکشن کے معاملات پر کام کرتے رہے ہیں اور ملک میں طویل المدتی منصوبوں پر کام نہیں کیا گیا۔ اس لیے اب ہم نے اپنے دور میں 10 ڈیمز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ‏تربیلا توسیعی منصوبے سے 1530 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہو گی۔ ‏جس کے بعد تربیلا کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6418 میگا واٹ ہو جائے گی۔