دوںوں وکٹیں محمد عباس نے دوسرے اوور میں لیں۔فائل فوٹو
دوںوں وکٹیں محمد عباس نے دوسرے اوور میں لیں۔فائل فوٹو

کنگسٹن ٹیسٹ۔ پاکستان نے2رنز پر ویسٹ انڈیز کی دو وکٹیں اڑا دیں

کنگسٹن ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، فواد عالم نے 56 اور فہیم اشرف نے 44 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز نےمیچ کے اختتام تک دو وکٹوں کے نقصان پر2رنز بنا لیے،دوںوں وکٹیں محمد عباس نے دوسرے اوور میں لیں،انہوں دو اوور پھینکے اورکوئی رن نہیں دیا۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اوپنرزاچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، عمران بٹ اورعابد علی کو کیمار روئچ اور جیڈن سیلزنے پریشان کیا۔

بیٹسمینوں کا اعتماد بحال ہونے لگا تھا کہ روئچ نے عمران بٹ(11) کا شکار کرلیا،اسٹریٹ ڈرائیو کھیلنے میں ناکامی پر ان کی بیلز فضا میں بکھر گئیں،اگلے ہی اوور میں عابد علی(9) بھی چل دیے، جیڈن سیلز کی گیند بیٹ کا کنارہ چھوتی ہوئے وکٹ کیپر جوشوآ ڈا سلوا کے گلوز میں محفوظ ہوگئی،دونوں اوپنرز 21رنز کے سفر میں پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے باؤنڈری سے کھاتہ کھولا،اظہر علی نے روایتی سست روی سے آغاز کیا، انھوں نے کائل میئرز کی گیندوں کا خطرناک انداز میں سامنا کیا،جیسن ہولڈر نے بھی اچھی لائن و لینتھ سے رنز کا حصول دشوار بنائے رکھا،پاکستان نے 17اوورز میں 34رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑ گیا، اس وقت بابر اعظم نے 10اور اظہر علی نے27گیندوں پر صرف 3رنز بنائے تھے۔

اس صورتحال میں لنچ بریک قبل ازوقت ہی کردیا گیا،ڈیڑھ گھنٹے  کا تعطل ختم ہونے کے بعد پہلے ہی اوور میں جیسن ہولڈر کی اٹھتی ہوئی گیند پراظہرعلی کو وکٹوں کے پیچھے کیچ قرار دیا گیا مگر انھوں نے ریویو کی مدد سے اپنی وکٹ بچالی،مسلسل 3میڈن اوورز کے بعد پاکستان نے اسکور بورڈ متحرک کیا، بابر اعظم نے پریشان کرنے والے کیمار روئچ کو چوکے سے جواب دیا۔

جیسن ہولڈر کی گیند پر اظہرعلی(7) کو ایل بی ڈبلیو قراردیا گیا مگر انھوں نے پھر تھرڈ امپائر سے رجوع کرکے وکٹ بچالی،اسی اسکور پر جیسن ہولڈر کا ان کیخلاف ایل بی ڈبلیو ریویو بھی بے کارگیا، چانسز ملنے کے باوجود اظہر 17 رنز بنا کر سیلز کی گیند پر سلپ میں ہولڈر کو کیچ دے بیٹھے،بابر (30) کا روئچ کی گیند پر وکٹ کیپر نے کیچ لیا، میزبان ٹیم نے ریویو کی مدد سے فیصلہ حق میں تبدیل کرایا۔

پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ فواد عالم 56 اور فہیم اشرف نے 44 رنز بنائے۔