لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی منظوری کے بعد صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کو پنجاب حکومت کا ترجمان مقررکردیا گیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس سے قبل پنجاب حکومت کا کوئی ترجمان نہیں تھا جبکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن بطورمعاون خصوصی وزیر اعلیٰ فرائض سرانجام دے رہی تھیں ۔ فردوس عاشق اعوان سے استعفیٰ لے لیاگیا تھا جس کے بعد کئی روز سے عہدہ خالی تھا۔
وزیر اعلیٰ ہاﺅس کی جانب سے فیاض الحسن چوہان کے بطور ترجمان پنجاب حکومت تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں وزیراعلیٰ آفس سے بطور ترجمان تقرری کا پیغام موصول ہو چکا ہے، اورانہوں نے کہا کہ وہ اس وقت راولپنڈی میں موجود ہیں اور کچھ دیر تک باقاعدہ پریس کانفرنس کریں گے اور اپنی ذمے داریوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بطور ترجمان پنجاب حکومت ان کا فوکس پنجاب حکومت اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر ہوگا۔