قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں شہید ہوگئے جب کہ قتل ناحق پر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر سیکیورٹی فورسزکی فائرنگ میں متعدد نوجوان زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران ایک عمارت کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر علاقہ مکین اوراہل خانہ سڑکوں پر نکل آئے اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کی جس سے متعدد نوجوان زخمی ہوگئے۔ آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 7 سے تجاوز کرگئی ہے۔