فائل فوٹو
فائل فوٹو

دشمن قوتوں کو چین کیساتھ تعلقات کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزورکرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات،سی پیک،کورونا ویکسین اور مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیراعظم کو چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کورونا کے دوران چینی تعاون اورویکسین کی فراہمی پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سی پیک خطے میں تبدیلی کےلیے بہترین منصوبہ ہے، پاکستان اورچین سی پیک کی بروقت تکمیل کےلیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع کا فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان تنازع کا حل سیاسی مذاکرات سے چاہتا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہونیوالے فراڈ کا حل ٹیکنالوجی ہے، پہلی بار ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتخابات کرائیں گے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے الیکشن کو سب تسلیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا اصل کام شہریوں کی زندگی میں آسانیاں لانا ہے، پاکستان میں تقریباً 30 لاکھ افغان شہری ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے نادرا موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کو نادرا کے نئے اقدامات اور پروجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔