راولپنڈی:چونترہ کے علاقے سروبہ میں قائم مدرسے میں 3 کم عمر طالبعلم مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی تھانہ چونترہ کے علاقے سروبہ میں قائم مدرسے میں 3 کم عمر طالب علم مبینہ طورپرزہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے بچوں میں 6 سالہ جنید، 13 سالہ عباد اور12 سالہ اسلام شامل ہیں، جبکہ 6 سالہ جنید کا والد مدرسہ میں معلم بھی ہے۔
تھانہ چونترہ پولیس کے مطابق بچوں کی ہلاکت کی خبر ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا، جب کہ دیگر بچوں اور مدرسے کے معلمین سے تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ بچوں نے رات کو استاد سے پیٹ میں درد کی شکایت بھی کی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد بچوں کی ہلاکت کی اصل وجہ سامنے آئے گی، واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔