95روپے میں ملنے والا پٹرول نئے پاکستان میں 123 روپے فی لٹر ہو چکا ہے۔فائل فوٹو
95روپے میں ملنے والا پٹرول نئے پاکستان میں 123 روپے فی لٹر ہو چکا ہے۔فائل فوٹو

وطن عزیزکو جمہوری ریاست بنانے کیلیے سرگرم ہیں۔ بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قوم کو جشنِ یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جشنِ یومِ آزادی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمارے بزرگوں کی پرامن سیاسی جدوجہد اور جمہوریت پسند ویژن کی علامت ہے، 74 سالوں کے بعد بھی عوام بنیادی سہولیات اور یکساں حقوق سے محروم کیوں ہیں، سوچنے کی ضرورت ہے کہ عوام کیوں عدم انصاف اورغربت جیسی بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اِس مملکتِ خداداد کو اس وقت تک کوئی خطرہ نہیں، جب تک 1973ء کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے، قائداعظم محمد علی جناح اوران کے رفقا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اس کازکی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کردیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لئے زمین تنگ کر دیں گے، جشنِ یوم آزادی کے موقع پر مجھے اپنے کشمیری بھائی و بہنیں بھی یاد آ رہے ہیں، وہ کشمیری جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیے اس بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی تاریخ جس پر ہمیشہ شرمندہ رہے گی، کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیرکی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔