کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون میں گزشتہ رات ٹرک پر ہونے والے دستی بم حملے میں زخمی ایک اور بچہ چل بساجس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔دھماکے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکااور مقدمے کے حوالے سے پولیس افسران میں مشاروت جاری ہے۔
بلدیہ مواچھ گوٹھ میں زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی،دھماکہ شہ زور ٹرک میں بم پھٹنے سے ہوا ،دھماکے کے فوری بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی ،دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی ، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا جبکہ امدادی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد بتایا کہ دھماکہ بم سے کیا گیا ، ٹرک کی باڈی پر چھروں اورنٹ بولٹ کے کافی نشانات پائے گئے ہیں جو بم میں استعمال کیے گئے،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ مقامی طور پرتیارکیے گئے بم سے کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والا خاندان شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہا تھا، عینی شاہدین کے مطابق اس پر بم سے حملہ کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔ دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سات خواتین اورچھ بچے شامل ہیں، واقعے کے سات زخمی سول ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
دھماکے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت سی ٹی ڈی میں درج کیے جانے کا امکان ہے۔دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے میں روسی ساختہ گرنیڈ استعمال کیا گیا۔دھماکے سے متعلق ٹرک ڈرائیور اور دیگر عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کرلیے گئے ہیں۔