دارالحکومت کابل کے سوا تمام بڑے افغان شہروں پر طالبان کا قبضہ ہوگیا۔فائل فوٹو
دارالحکومت کابل کے سوا تمام بڑے افغان شہروں پر طالبان کا قبضہ ہوگیا۔فائل فوٹو

کابل کے سوا تمام بڑے افغان شہروں پر طالبان کا قبضہ

کابل:طالبان نے شمالی افغانستان میں حکومت کے مضبوط  گڑھ مزار شریف اورجلال آباد پر بھی قبضہ کرلیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق کئی برس سے خانہ جنگی کا شکار افغانستان میں غیر ملکی افواج کا انخلا ہوتے ہی طالبان گزشتہ جمعہ سے اب تک ملک کے 34 میں سے 23 صوبوں پر قابض ہوچکے ہیں۔ طالبان نے لوگر، مزار شریف اور جلال آباد کو بھی فتح کرلیا۔

خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے ایک اور صوبائی دارالحکومت کو اپنے قبضے میں لے لیا، صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد پر بھی طالبان نے اپنا کنٹرول قائم کرلیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طالبان جلال آباد شہر میں بغیر کسی لڑائی کے داخل ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے سوا تمام بڑے افغان شہروں پر طالبان کا قبضہ ہوگیا۔

دوسری جانب ازبکستان نے مزار شریف سے بھاگ کر آنے والے 84 افغان فوجی حراست میں لے لیے، ازبک وزارت خارجہ کے مطابق افغان فوجی زخمی تھے اور ازبک حکام سے طبی مدد مانگی ۔ خبر ایجنسی کے مطابق فوجیوں نے طالبان سے بھاگ کر ازبکستان میں پناہ لی تھی ۔

مقامی رکن اسمبلی ہودا احمدی کا کہنا ہے کہ طالبان نے کابل کے جنوب کی طرف لوگر صوبے پر مکمل قبضہ کرلیا ہے۔ طالبان اس وقت چہار آسیاب ضلع میں موجود ہیں جو دارالحکومت سے صرف 11 کلومیٹر کی دوری ہے۔