مظفرآباد:کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے کوالیفائر میچ میں مظفر آباد ٹائیگرزنے راولا کوٹ ہاکس کو 7 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا۔مظفر آباد ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 164 رنز بنائے جس میں انورعلی 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، بولنگ میں عمران رندھاوا اور دانش عزیز نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
میچ کی دوسری اننگز میں راولا کورٹ کے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں۔بیٹنگ ٹیم کے حسین طلعت نے شاندار 52 رنز کی اننگ کھیلی، دانش عزیز جارحانہ بلے بازی کے بل بوتے پر ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے لیکن بالاخر سہیل تنویرکے ہاتھوں دو گیندوں پر مسلسل دو وکٹیں گرنے کے بعد میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔
راولا کوٹ کے آخری کھلاڑی رن آوٹ ہوئے اور مظفر آباد ٹائیگرز نے 7 رنز سے فتح سمیٹ کر کشمیر پریمیئر لیگ کے فائنل میں جگہ بنالی، بہترین کارکردگی پر انورعلی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔