کنگسٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 251 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی لیکن اس کی دونوں وکٹیں صرف 2 رنز کے اضافے کے ساتھ ہی گر گئیں، اس طرح ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اختتام 253 رنز پر ہوا۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 36 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا۔ قومی ٹیم کا اوپننگ پیئر دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوا، عمران بٹ اورعابد علی دونوں ایک بار پھر کوئی قابل ذکرکارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، عمران بٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ مل کر 55 رنز کی شراکت قائم کی، 56 رنز کے مجموعی اسکور پر اظہر علی آؤٹ ہوئے، انہوں نے 23 رنز بنائے، ان کے بعد فواد عالم میدان میں اترے لیکن وہ بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر واپس لوٹ گئے، تھوڑی دیر بعد عابد علی کی مزاحمت بھی ختم ہوگئی وہ 34 رنز پر میدان بدر ہوئے۔
65 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں ، ایسے موقع پر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے قومی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں نے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد رضوان کی صورت میں پاکستان کو پانچواں نقصان برداشت کرنا پڑا۔
رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد فہیم اشرف میدان میں اترے اور دونوں نے مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا، کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 5 وکٹوں پر 160 رنز بنائے تھے اور اسے میزبان ویسٹ انڈیز پر124 رنز کی برتری حاصل تھی۔ بابر اعظم 54 جبکہ فہیم اشرف 12 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔