مظفر آباد:کشمیر پریمیئر لیگ(کے پی ایل ) کا پہلا ٹاٹئل شاہد آفریدی کی ٹٰیم راولا کوٹ ہاکس نے اپنے نام کرلیا ۔
فائنل میچ میں راولا کوٹ ہاکس نے مظفرآبادٹائیگرزکو جیت کیلیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم وہ ہدف کے تعاقب میں ناکام رہے۔شاہد آفریدی نے انجری کے باوجود اپنے بہترین باؤلنگ سے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مظفر آباد کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 161 رنز بناسکی۔مظفر آباد ٹائیگرز کی جانب سے ذیشان اشرف نے 46،کپتان محمد حفیظ نے 29 اور سہیل تنویر نے 21 رنز بنائے۔ راولا کوٹ ہاکس کی جانب سے آصف آفریدی اور حسین طلعت نے تین ،تین جبکہ شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
قبل ازیں فائنل مقابلے میں راولا کوٹ ہاکس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ راولاکوٹ کی جانب سے کاشف علی 54 رنز بناکر نمایاں رہے، جبکہ بسمہ اللہ خان 30، صاحبزادہ فرحان 28 اورعمر امین نے 23 رنز بنائے۔مظفرآباد ٹائیگرزکے کپتان محمد حفیظ اور اسامہ میر نےدو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔