کابل:طالبان نے افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ سے کوئی مسئلہ نہیں اور وہ افغانستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے امور میں مداخلت نہیں کریں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا آپریشنز کے سربراہ حکمت حسن نے کہا کہ طالبان کو کرکٹ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اورانہوں نے ہمیں کہا ہے کہ ہم اپنے منصوبے شیڈول کے مطابق جاری رکھ سکتے ہیں جس کے بعد ٹیم پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریزکے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو (سی ای او) حامد شنواری نے کرکٹ کے شائقین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ افغانستان میں سیاسی بحران کے دوران کرکٹ کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان ون ڈے سیریز شیڈول کے مطابق ہو گی ۔
افغانستان اور پاکستان کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک طے شدہ3 میچوں کی ون ڈے سیریز کی میزبانی افغانستان نے کرنی ہے اور یہ سیریز سری لنکا میں شیڈول ہے۔طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔