امریکی طیارہ سے گرکر ہلاک 19 سالہ نوجوان کا تعلق افغان یوتھ فٹبال ٹیم سے تھا۔فائل فوٹو

امریکی طیارے سے گر کر ہلاک ہونے والا نوجوان افغان فٹبالر نکلا

کابل:گذشتہ دنوں افغانستان چھوڑکرجانے کی کوشش کے دوران امریکی طیارے سے گر کر ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت افغان فٹبالرکے طور پرہوگئی۔

افغانستان میں طالبان کے مکمل کنٹرول کے بعد غیریقینی کی صورتحال ہے، 15 اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد حامد کرزئی ائیرپورٹ پر غیر ملکیوں سمیت افغان شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو ملک چھوڑ کر ہر صورت میں باہر جانا چاہتی ہے، اسی کوشش کے دوران کابل ائیرپورٹ پر امریکیC-17  طیارے کے پہیوں سے 2 نوجوان چمٹ گئے تھے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے، ان میں سے ایک نوجوان کی شناخت افغان فٹبالر کے طور پر ہوئی ہے۔

افغانستان کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے اسپورٹس اور فزیکل ایجوکیشن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی طیارہ سے گرکر ہلاک 19 سالہ نوجوان کا تعلق افغان یوتھ فٹبال ٹیم سے تھا جس کا نام زکی انوار ہے جو مایوسی اور غیر یقینی کی صورتحال کے باعث ملک چھوڑنا چاہتا تھا تاہم طیارے سے گرکر ہلاک ہوگیا۔

قبل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ امریکی طیارے سے گر کرہلاک ہونے والا شخص ایک ڈاکٹر ہے جس کی شناخت محمد فدا کے نام سے کی گئی تھی۔