کنگسٹن:پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسر ے ٹیسٹ میں پہلے روز کے کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنا لیے ۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پرعابد علی اور عمران بٹ نے میدان میں اترکر کھیل کا آغاز کیا ہی تھا کہ دونوں اوپنر ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ،تیسرے نمبر پرآنے والے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،پہلی تینوں وکٹیں 2رنز پر گریں۔
2 رنز پر 3 وکٹیں گنوادینے کے بعد بابر اعظم اور فواد عالم نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو کسی حد تک مشکلات سے نکالا،،اس دوران بابراعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 18ویں اور فواد عالم نے اپنی دوسری نصف سینچری مکمل کی۔ دونوں کے درمیان 158 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، فواد عالم 76 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تو بابر علی کا ساتھ دینے محمد رضوان میدان میں اترے، 168 رنز پر بابر اعظم 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
رضوان نے فہیم اشرف کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، 74 اوورز کا کھیل ہی ہوا تھا کہ کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کرنا پڑا، پہلے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے، محمد رضوان 22 جب کہ فہیم اشرف 23 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جو آج دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کریں گے ۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمروچ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اورایک وکٹ سیلزکے حصے میں آئی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر ایک صرف کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔