کابل:افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں جنگ کا خطرہ ٹل گیا اور سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے طالبان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے طالبان کی جانب سے دارالحکومت کابل میں کنٹرول کے بعد افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سمیت کئی مخالفین وادی پنجشیر پہنچ گئے تھے۔ اب تک ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے صوبہ پنجشیر میں طالبان کے خلاف سخت مزاحمت کا خطرہ تھا۔
سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد شاہ نے بھی جنگ کی تیاری شروع کردی تھی اور امریکا سے بھی مدد طلب کی تھی۔ تاہم اب تازہ ترین صورتحال کے مطابق احمد مسعود اور طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور انہوں نے طالبان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے امریکا مطلوب حقانی گروپ کے اہم ترین کمانڈر اور جلال الدین حقانی کے بھائی خلیل الرحمان حقانی نے کابل میں ایک اجلاس کے دوران کھڑے ہوکر اعلان کیا کہ احمد مسعود نے فون پر طالبان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
احمد مسعود کا مزید کہنا تھاکہ طالبان سےجنگ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، صرف سابق نائب صدر امراللہ صالح جنگ چاہتا تھا، اسے کہہ دیا گیا ہے کہ گھر پر رہے یا کہیں اور چلا جائے۔