جمیکا ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز9 کھلاڑی آؤٹ 302 رنز پر ڈکلیئر کردی،ویسٹ انڈیز نے تین وکتوں کے نقصان پر 39رنز بنا لیے۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے فواد عالم نے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی، وہ 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم 75، محمد رضوان 31 اور فہیم اشرف 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیماروچ اور جیڈن سیلز نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیسن ہولڈر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
302 رن کے جواب میں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے 39 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں، دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے لیں جبکہ ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔
والدہ نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ آج تم سینچری بناؤ گے۔فواد عالم
جمیکا ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکورکرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ والدہ نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ آج تم سینچری بناؤ گے، اللّٰہ جب دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی سنچری اپنے والدین کے نام کرتا ہوں، میچ سے پہلے والدہ سے فون پر بات ہوئی تھی، والد کی بھی خواہش تھی کہ ویسٹ انڈیز میں سنچری اسکور کروں، ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے۔
فواد عالم نے کہا کہ ہمیشہ اپنے والد سے متاثر ہوا ہوں، زندگی میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے مگر میرے والد نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا، خوش قسمت ہوں کہ مشکل وقت میں میرے اہلخانہ نے ہمیشہ مجھے حوصلہ دیا، والد ہمیشہ کہتے تھے کہ لگے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا۔