کوئٹہ: بلوچستان میں حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی )کے بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات کے باعث صوبائی مشیراکبر آسکانی نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں اکبر آسکانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان میرے لیے قابل احترام ہیں مگر وہ میرے محکمے میں بے جا مداخلت کررہے ہیں اور میری مرضی کے خلاف سیکریٹری اور ڈی جی کو تبدیل کردیا گیا، مجھ سے میرے محکمے کے حوالے سے کوئی صلاح مشورہ نہیں کیا جاتا ہے، میں ابھی تربت میں ہوں، جلد کوئٹہ آکر استعفےٰ کا اعلان کروں گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بلوچستان حکومت میں شامل صوبائی وزیرتعلیم سردار یارمحمد رند بھی مستعفیٰ ہوچکے ہیں۔ اسی طرح بی اے پی کے سردار صالح محمد بھوتانی بھی قلمدان واپس لینے پر استعفیٰ دے چکے ہیں جب کہ حکمران جماعت کے اسپیکر بد القدوس بزنجو اور وزیراعلیٰ کے تعلقات بھی کشیدہ ہیں۔