کنگسٹن:دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلیے 329 رنز کا ہدف دیدیا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر49 رنز بنالیے، اسے میچ جیتنے کیلیے مزید280رنز درکار ہیں اورآج کھیل کا آخری دن ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان کے 302 رنزکے جواب میں 150 رنز بنا کرآوٹ ہو گئی اور یوں پاکستان کو 152 رنزکی برتری حاصل ہو گئی ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ نکمراہ بونر نے کیا جنہوں نے 37 رنز بنائے جبکہ ان کے بعد دوسرے نمبر پر 33 رنز کے ساتھ جرمین بلیک ووڈ رہے ۔ان کے علاوہ جیسن ہولڈر 26 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
پاکستان نے دوسری اننگ کا آغاز کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا کر اننگ ڈکلیئرکر دی اور یوں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلیے 329 رنز کا ہدف دیدیا ۔
پاکستان کی جانب سے عمران بٹ 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ بابراعظم 33 ، عابد علی 29 اور اظہر علی 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کردی اور چوتھے روز کے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر49 رنز بنا لیے اور280رنز کا خسارہ باقی ہے،آج کھیل کا آخری دن ہے،پاکستان کو میچ جیتنے کیلیے 9وکٹیں درکار ہین ۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز کی اننگ کھیلی ۔ پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپننگ مکمل فلاپ رہی تاہم فواد عالم کے ناقابل شکست 124 رنز اور بابر کی تجربہ کار بلے بازی کی بدولت ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوئی ۔
بابراعظم نے 75 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی جبکہ ان کے علاوہ محمد رضوان 31 اور فہیم اشرف 26 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔شاہین شاہ آفریدی بھی 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔