کیف:یوکرین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے یوکرینی شہریوں کو نکالنے کے لیے بھیجا گیا طیارہ ہائی جیک ہونے کا دعویٰ درست نہیں ۔
یوکرین کی انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان اولے نیکولینکو نے کہا ہے کہ یوکرین کا کوئی طیارہ ہائی جیک نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں ’طیارے کے اغوا‘ کی جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ درست نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ’کابل یا کسی اور جگہ کوئی ایسا یوکرینی طیارہ موجود نہیں جسے ہائی جیک کیا گیا ہو۔‘
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان سے لوگوں کو لانے کے لیے جو بھی طیارے بھیجے گئے تھے وہ ’بحفاظت یوکرین پہنچ چکے ہیں۔‘ اوران تین پروازوں پر 256 افراد کو لایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یوکرین کے نائب وزیرِ خارجہ ینین نے بتایا تھا کہ یوکرین کے ایک طیارہ جو یوکرینیوں کو نکالنے کے لیے افغانستان پہنچا تھا اسے نامعلوم افراد نے ہائی جیک کرلیا۔
ان کے مطابق کابل سے یوکرین کے شہریوں کو نکالنے کے بجائے اسے ایران لے جایا گیا۔ ان کے مطابق ہائی جیکر مسلح تھے۔