راولپنڈی: پیرودھائی کے مدرسے میں طالبہ سے زیادتی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی جس میں طالبہ مسمات م سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
سول جج نوشین زرتاج نے تفتیشی ٹیم کی ڈی این اے ٹیسٹ کی درخواست منظورکرتے ہوئے طالبہ کے ڈی این اے ٹیسٹ کا حکم دے دیا۔
علاوہ ازیں مدرسہ کے مہتمم مفتی شاہنواز کی گرفتاری سے بچنے کے لیے مزاحمت کے مقدمہ میں پچاس ہزار روپے پر ضمانت منظور ہوگئی۔ ملزم مفتی شاہنواز کو پولیس نے علاقہ سول جج نوشین زرتاج کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ایک مقدمے میں ضمانت منظورکرلی۔
ڈیوٹی سول جج نے مفتی شاہ نواز کیخلاف زیادتی کیس میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر کو تفتیش کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے کہا کہ یہ ایک سنگین جرم ہے۔اس کی تفتیش صرف جے آئی ٹی کر سکتی ہے۔
سول جج نوشین زرتاج نے پولیس کی ملزم کو گرفتار کرنے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی۔ عدالتی فیصلہ سے پولیس میں کھلبلی مچ گئی۔ تفتیشی ٹیم ،ایس ایچ او ،ڈی ایس پی ایس پی انوسٹی گیشن دفتر پہنچ گئے جہاں گرفتار ملزم مفتی شاہ نواز کی گرفتاری برقرار رکھنے یا رہا کرنے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔ ملزم مفتی شاہ نواز تاحال پولیس حراست میں ہے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ یہ درست فیصلہ ہے مفتی شاہ نوازگرفتاری برقرار رکھی تو تفتیشی ٹیم کے خلاف توہین عدالت درخواست دائر کرینگے۔