ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں جائیداد کے تنازع پرفریقین میں فائرنگ سے8 افراد جاں بحق اور12 زخمی ہوگئے، 3زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لوئر کرم میں مہورہ کےقریب دو گرپوں میں جائیداد کا تنازعہ جاری تھا کہ آج صبح فریقین میں تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی، جس سے 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو پارا چنار اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ اسپتال پارا چنار کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر ممتاز حسین کے مطابق تین زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ڈی پی او ضلع کرم طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس علاقے میں پہنچ گئی ہے،فائرنگ کا تبادلہ رک گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔