پنجگوراور زیارت میں سیکیورٹی فورسز پر بم حملے۔4 اہلکار شہید،6 زخمی

پنجگور/ زیارت:بلوچستان کے علاقےگوارگو  سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ زیارت میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی کے قریب دھماکے میں3 لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق پنجگورکے علاقے گوارگو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید  اور تین زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں اور شہید اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

لیویز ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے دوسرا حملہ زیارت میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، دھماکے میں 3 لیویز اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور لیوز حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں اورلاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔