دھماکہ ایئرپورٹ کے مشرقی گیٹ کے قریب ہوا ۔فائل فوٹو
دھماکہ ایئرپورٹ کے مشرقی گیٹ کے قریب ہوا ۔فائل فوٹو

کابل ایئر پورٹ پر2 خودکش دھماکے۔13 امریکی فوجیوں سمیت 100 افراد ہلاک۔160  زخمی

کابل ایئر پورٹ کے باہر 2 خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 100سے زائد افراد ہلاک اور 160 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے (سی این این) کے مطابق امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والا دھماکا خودکش تھا جو حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ابتدائی گیٹ کے باہر ہوا جہاں سیکڑوں کی تعداد میں افغان عوام ایئرپورٹ میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جب کہ دوسرا دھماکا ایئرپورٹ کے قریب ہوٹل کے باہر ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق خودکش دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 100سے زائد افراد ہلاک اور160 زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں10 امریکی فوجی اہل کار بھی شامل ہیں۔ امدادی ذرائع کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کے علاج اور لاشوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔

کابل میں تیسرا دھماکہ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تیسرا دھماکہ ہوا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق ایئر پورٹ کے علاقے میں تیسرے دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ کچھ دیر پہلے امریکہ کی جانب سے تیسرے دھماکے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

دھماکوں میں 13 امریکی فوج ہلاک

کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے دھماکوں میں کم ازکم 13 فوجی ہلاک ہوئے، امریکی فوجی حکام نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

امریکی میڈیا کی بعض اطلاعات کے مطابق ایئر پورٹ پر ہونے والے پہلے دو دھماکوں میں امریکہ کے 13 فوجی ہلاک اور10 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔فوکس نیوز کی وائٹ ہاؤس کیلئے نمائندہ خصوصی جیکی ہینرک کے مطابق افغانستان میں ہونے والے دھماکوں میں امریکہ کے 10 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق کابل ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دو دھماکوں میں چار امریکی فوجی  اور 60 افغان شہری ہلاک ہوئے۔

دولت اسلامیہ نے دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی 

سی این این کے مطابق دولت اسلامیہ نے کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ انہوں نے یہ دعوی اپنے ٹیلی گرام چینل پر دیے گئے پیغام میں کیا ہے۔ شدت پسند گروپ کا کہنا ہے کہ ایک خود کش بمبار نے افغان اور امریکی فوجیوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا۔