کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سلیکٹڈ نہیں کہ عوام کے مسائل کا علم نہ ہو، ہم سلیکٹڈ کے سامنے جوابدہ نہیں ہیں ، تین سال میں اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور وفاقی حکومت جشن منا رہی ہے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے احسن آباد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی نےان لوگوں کو نوکریاں دلائیں ، ان کی حکومت کے بعد انہیں نکال دیا گیا ، بعد میں انہیں پی پی کی حکومت نے بحال کیا ،اب ان کو 55 برس کی عمر میں پھر نوکری سے نکالا جا رہاہے ، اوران بزرگوں سے تنخواہیں بھی واپس مانگی جا رہی ہیں ، یہ ظلم نہیں تو اورکیا ہے ۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سلیکٹڈ نہیں کہ عوام کے مسائل کا علم نہ ہو، ہم سلیکٹڈ کے سامنے جوابدہ نہیں ہیں ، تین سال میں اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور وفاقی حکومت جشن منا رہی ہے ، ہم جشن نہیں منا رہے بلکہ عوام کے درمیان موجود ہیں، تین سال سے عوام کو وفاقی حکومت سے کوئی فائدہ نہیں ملا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کیلیے دو ہزار ارب روپے کی ضرورت ہے ، کراچی نے وفاق کو 9 ہزار ارب روپے دیے پہلے اس کا حساب دیں ۔سید مراد علی شاہ نے کراچی کے ہر ضلع میں کھلی کچہری کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔