اسلام آباد:کورونا ایس او پیز کا دائرہ کار26 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے اور نئی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں جبکہ کورونا پابندیوں پر13 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ایس او پیز کے اطلاق کا دائرہ کار مزید 13 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان اور پشاور میں کورونا پابندیوں میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
وبا کی موجودہ صورتحال اور طبی سہولتوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پہ عمل درآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان ایس او پیز کے اطلاق کا دائرہ کار 26 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ ایس او پیز 13 شہروں میں نافذ تھیں۔
ان 26 شہروں میں اسلام آباد، پنجاب کے 11 شہر میں خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
سندھ میں حیدرآباد اور کراچی، آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور میرپور، گلگت بلتستان میں گلگت اور اسکردو جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی، ایبٹ آباد، سوات اور لوئر چترال شامل ہیں۔
کورونا ایس او پیز کے تحت تمام تجارتی سرگرمیاں رات آٹھ بجے بند کر دی جائیں گی جبکہ ہفتے میں دو دن تمام مارکیٹس بند رہیں گی اور ان کے دنوں کا تعین صوبوں کی صوابدید پر رہے گا۔ ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی جبکہ رات 10 بجے آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ ٹیک وے کی سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔
انڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی جبکہ 300 مہمانوں کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت ہو گی۔ آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات کے اوقات رات 10 بجے تک برقرار ہوں گی۔ مزارت پر زائرین کی آمد پر پابندی جاری رہے گی۔
سنیما گھروں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ کنٹیکٹ کھیلوں جن میں کراٹے، باکسنگ، مارشل آرٹس، رگبی، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ شامل ہیں پر عائد پابندی جاری رہے گی۔ صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی انڈور جم جا سکیں گے۔
سرکاری اور نجی دفاتر کے لیے عام دفتری اوقات کار 50 فیصد کے ساتھ جاری رہیں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر سواریوں کی شرح 50 فیصد جبکہ ریل سروس 70 فیصد سواریوں کے ساتھ جاری رہے گی۔
تفریحی پارکوں اور سوئمنگ پولز کی بندش برقرار رہے گی جبکہ عوامی پارکوں میں کورونا پروٹوکول کے ساتھ داخلے کی اجازت ہو گی۔ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 50 فیصد تعداد اور تعطل کے ساتھ ہفتہ میں 3 روزکھلے رہیں گے۔این سی اوسی اپنی نافذ کردہ ایس او پیز پر 13 ستمبر کو دوبارہ نظر ثانی کرے گا۔