وزارت صحت کے ایک اہلکارنے تصدیق کی ہے کہ علاقے میں دھماکہ ہوا ہے۔ ایک خبر رساں ادارے کے مطابق کابل کی سابقہ حکومت کے ایک سکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے پتا چلا کہ ’راکٹ ایک گھر پرگرا ہے۔‘
وزارت صحت کے اہلکار نے بتایا ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے ایئرپورٹ کے قریب ایک گھر پرراکٹ آگرا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ راکٹ ایئرپورٹ پر نہیں گرا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے متنبہ کیا تھا کہ جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی طرح مزید حملوں کا خطرہ موجود ہے۔
جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں کم از کم 170 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں افغان شہریوں کے علاوہ امریکی فوجی بھی شامل تھے۔