رانی پور:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ضرورت ہے، جیالے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے خبردارکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے۔
انہوں نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سلیکٹڈ ، نااہل اور نالائق ہے۔ انہوں ںے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عوام کو تکلیف پہنچائی۔
بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت عوام سے ان کے حقوق چھیننا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو موجودہ حکومت سے نجات دلانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہیں اور عمران خان اپنی تباہی کے تین سال کا جشن منا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہر صوبے کے حق پر ڈاکہ مارا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک صوبے کے ساتھ بھی نا انصافی ہو تو وہ پورے پاکستان کے ساتھ نا انصافی کے مترادف ہوتی ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سب کو ملک کر پاکستان کو بچانا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ مل کر شہید بھٹو کے خواب کو پورا کریں گے۔
انہوں نے نام لیے بنا کہا کہ بہت سے دوستوں پر بھروسہ کیا لیکن انہوں نے دھوکہ کیا۔ انہوں ںے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کے جیالے ہی کافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی سیاست کریں گے اور تمام غیر جمہوری قوتوں کو بھگائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے حق روزگار پر ڈاکہ مارا جارہا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز بند کر کے 10 ہزار خاندانوں کو بیروزگار کردیا گیا۔
پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن ایک سازش کے تحت بند پڑا ہوا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ یہ کس قسم کا مذاق ہے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ عوام کو روزگار دلوانے کے لیے وہ کیا کررہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا تو بتائیں کہ اب کت کتنے گھر بنائے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ گھر بنانے کے بجائے غریبوں سے چھت چھین رہے ہیں۔