لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو کیوں فارغ کیا گیا وجہ معلوم ہے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں پرویز الہی سے سوال کیا گیا کہ آپ نے فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے منع کیا تھا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان پرانی پنجاب اسمبلی کے آگے میڈیا سے گفتگو کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کہہ رہی تھیں کہ صوبائی اسمبلی میں جو قوانین بن رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں، جسے سن کر میں نے کہا کہ اب ہمیں یہ قوانین بتائے گی؟ ہم سالوں سے یہاں قانون سازی کر کے مر گئے ہیں۔ میں نے اس وقت کہہ دیا تھا کہ یہ اگر اسمبلی آئی تو سب یاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان ہمارے دور میں ایک کونسلر تھیں۔چوہدری شجاعت نے کہا ہمیں ایک کونسلر کو بھی لینا چاہیے جس کے بعد میں ہم نے انہیں ایم این اے بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں یہ ہماری جماعت چھوڑ کر وہاں چلی گئی جہاں زرداری صاحب نے انہیں فارغ کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان کو کیوں فارغ کیا گیا یہ میں جانتا ہوں۔