لاکھوں نہیں کروڑوں لوگ مہنگائی سے تباہ حال ہیں، عمران خان کو کیا پتہ محل میں رہتا ہے۔فائل فوٹو
لاکھوں نہیں کروڑوں لوگ مہنگائی سے تباہ حال ہیں، عمران خان کو کیا پتہ محل میں رہتا ہے۔فائل فوٹو

حکومت کو دفن کرنے کے لیے لاکھوں لوگ اسلام آباد جائیں گے۔شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے کراچی کے لیے 11 سو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا گیا لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا سندھ کے عوام کو کچھ نہ دیا، اس حکومت کو دفن کرنے کے لیے لاکھوں لوگ لے کر اسلام آباد جائیں گے۔

کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ  بلاول نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت نے 700 ارب کا اعلان کیا ہے۔جھوٹے وعدوں پر ٹرخایا جارہا ہے، کراچی کا امن نواز شریف نے لوٹایا، آج کراچی میں بھتہ خوری ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، عمران خان دن رات جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، کراچی میں بوری بند لاشیں ملتی تھیں اور لوگوں کو بھتے کی پرچیاں دی جاتی تھیں لیکن اب بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کے ذریعے کراچی میں امن و امان بحال کیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ کراچی ایک معاشی حب ہے لیکن اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، اگر پی ڈی ایم کو موقع ملا تو اس شہر اور اس ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی، ہم تعلیم و صحت کو مفت فراہم کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس مہنگائی کے خلاف عوام کے طوفان کو اسلام آباد لے کر جانا ہوگا اور حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہانا ہوگا، اس کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کا سمندر لے کر اسلام آباد ضرور جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج عمران خان نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے ، یہ وہی شخص ہے جو کنٹینر پر کہتا تھا کہ روپیہ گر جائے تو وزیراعظم کرپٹ ہے، اب بتائیں ، کیا آٹا سستا ہوا، کیا بجلی سستی ہوئی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بنی گالا تک آواز جانی چاہیے، عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں ، 350 کنال کے گھر پر بیٹھ کر ریاست مدینہ کی بات کرنا،اس سے بڑی خطا نہیں ہوسکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ شخص آج کس طرح قوم کو گمراہ کررہا ہے،لاکھوں نہیں کروڑوں لوگ مہنگائی سے تباہ حال ہیں، عمران خان کو کیا پتہ محل میں رہتا ہے، ہیلی کاپٹر سے دفتر جاتا ہے۔