کراچی: اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وفاقی حکومت پرکڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے قسم کھائی ہے یزید کے ہاتھوں بیعت نہیں کریں گے، لوگو اٹھو اور انقلاب لائو،انقلاب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،اب ملک میں جلسے نہیں ہوں گے روڈ کاررواں چلیں گے اور اسلام آباد کی طرف مارچ ہو گا۔
کراچی میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سفر کو نہیں روکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا آگے بڑھ رہی ہے لیکن پاکستان کو پیچھے کی طرف دھکیل دیا گیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ حکومت نے 3 سال میں پاکستان کو غیر محفوظ ریاست بنا دیا ہے لیکن ہم پاکستان کے عوام کو دنیا میں ممتاز مقام دلا کر ہی دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت جبر کی بنیاد پر ہم پہ مسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے نیچے ہم نے ملکی نظام کو چلانا ہے۔ انہوں ںے واضح طور پر کہا کہ ملکی حالات پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ آج غریب کی جیب میں اتنا بھی پیسہ نہیں کہ وہ اپنا راشن لاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بزدلی کبھی مومن کی علامت نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کو عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک میں آئین کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔
امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو دوستوں سے محروم کردیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان تنہائی کا شکار ہے۔ انہوں ںے کہا کہ کمزور معیشت پر کامیاب خارجہ پالیسی نہیں بن سکتی ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ لوگو! اٹھو اورانقلاب لاؤ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں عوام کے ووٹ چوری کیے گئے جب کہ کشمیر میں ووٹ چوری کرکے نااہلوں کو لایا گیا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انہوں نے امریکیوں کو کراچی اور اسلام آباد کے ہوٹل فراہم کردیے ہیں۔ ان کا استفسار تھا کہ ان امریکیوں کے لیے کوئی ویکسین کی شرط نہیں؟ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے لیے ہوٹل خالی کرالیے گئے جب کہ اڈے اب بھی امریکیوں کے پاس ہیں جنہیں وہ استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں ںے مودی کو کشمیر بیچ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ریاست پاکستان کا مؤقف ہی معلوم نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انقلاب کے علاوہ اب کوئی راستہ نہیں رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک عالمی قوتوں کو برداشت نہیں ہوا۔ انہوں ںے اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان میں جلسوں کے ساتھ روڈ کاروان بھی چلیں گے۔
پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امارات اسلامی افغانستان نےعام معافی کااعلان کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ افغان رہنماوَں کوامارات اسلامیہ کی پیشکش کوفراخدلی سے قبول کرلینا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو افغانستان میں شکست خوردہ قوتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ قوتیں کبھی بھی شرائط لگا کر بلیک میل نہیں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مان لے کہ وہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خطے میں امن ہو اور پڑوسی ممالک کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہوں۔ انہوں نے کاہ کہ ہم نے قربانیاں دے کر پاکستان کو بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم سے کہتا ہوں کہ مایوسی کی طرف نہیں جانا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ مودی تو عمران خان کا فون اٹھانے کو بھی تیار نہیں ہے۔
انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے آئندہ انتخابات میں بھی دوبارہ دھاندلی کرنے کا سوچا ہوا ہے تاہم انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تم دوبارہ آکر دکھاؤ، تم نے ہمیں مذاق بنایا ہوا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اب یہ قافلہ چل پڑا ہے نہ رکے گا نہ تھمے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا سمندر حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔